head lines
پاکستان اور افغان طالبان مذاکرات آج دوحہ میں ہوں گے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق پاکستانی وزیردفاع کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد آج دوحہ میں افغان طالبان سے مذاکرات کرے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ مذاکرات خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیشرفت ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ مذاکرات کے دوران دہشتگردی کے خاتمے، جنگ بندی اور علاقائی امن کے فروغ کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ پاکستان نے اس موقع پر قطر کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا اور زور دیا کہ افغان طالبان اپنے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کریں۔
دوسری جانب افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ افغان طالبان کا مذاکراتی وفد بھی دوحہ پہنچ چکا ہے، جس کی قیادت افغان عبوری وزیردفاع مولوی محمد یعقوب کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ جنگ بندی مذاکرات مکمل ہونے تک برقرار رہے گی۔
یاد رہے کہ 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب افغان طالبان نے پاک افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی، جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔ اس جوابی کارروائی میں تقریباً 200 افغان اہلکار اور فتنہ الخوارج کے دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج نے کارروائی کے دوران افغان طالبان کے ایک ٹینک کو بھی نشانہ بنایا۔ بعد ازاں، افغان طالبان نے 15 اکتوبر کو سیز فائر کی درخواست کی، جسے پاکستان نے 48 گھنٹوں کے لیے قبول کیا۔
گزشتہ روز سیز فائر کی مدت ختم ہونے کے باوجود، دونوں فریقین نے ایک بار پھر جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کیا۔