head lines
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت افغان پناہ گزین اجلاس
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف، وفاقی وزراء، آزاد جموں و کشمیر، پنجاب، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ اور خیبر پختونخوا کے نمائندے شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وفاق تمام صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے سفارتی اور سیاسی سطح پر افغانستان کو خوارج کی دراندازی روکنے کے لیے قائل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ 16 اکتوبر 2025 تک 14 لاکھ 77 ہزار 592 افغان پناہ گزینوں کو وطن واپس بھیجا جا چکا ہے۔ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو کسی بھی قسم کی اضافی مہلت نہیں دی جائے گی، اور صرف وہی افراد پاکستان میں رہ سکیں گے جن کے پاس قانونی ویزہ ہوگا۔ ۔
انہوں نے اس موقع پر افواجِ پاکستان کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے افغان حملوں کو پسپا کر کے وطن کا دفاع کیا۔
اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی سے متعلق تمام سفارشات پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور وفاق صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔