news

محمد اورنگزیب: سیلاب کے باوجود پاکستانی معیشت مستحکم ہے

Published

on

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حالیہ تباہ کن سیلاب کے باوجود پاکستانی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔ ان کے مطابق، اگرچہ قدرتی آفات نے ملک کی زرعی پیداوار خصوصاً چاول اور کپاس کی فصلوں کو نقصان پہنچایا، لیکن حکومت کی پالیسیوں اور مالیاتی نظم و ضبط کے باعث معاشی ترقی کی رفتار برقرار رہے گی۔

بلوم برگ کو دیے گئے ایک تفصیلی انٹرویو میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے لیے موسمیاتی تبدیلی کوئی نظریاتی بحث نہیں بلکہ ایک زندہ حقیقت ہے۔ سیلاب سے زراعت کے شعبے کو دھچکا لگا، مگر ملک کی مجموعی معیشت کا پہیہ رکنے نہیں دیا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ موجودہ مالی سال کے اختتام تک پاکستان کی معاشی ترقی 3.5 سے 4 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ڈالر، یورو اور سکوک مارکیٹس تک رسائی حاصل کر لی ہے اور اب چین کی مارکیٹ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ نومبر کے آخر یا دسمبر کے آغاز میں پاکستان 25 کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈ جاری کرے گا تاکہ قرض کے ذرائع میں تنوع لایا جا سکے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستانی معیشت کا حجم 407 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے اور استحکام کے آثار نمایاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کی تیسری قسط جلد ملنے کی توقع ہے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت طویل مدتی معاشی استحکام کے لیے صنعتی پیداوار، برآمدات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی مالیاتی خود مختاری برقرار رکھتے ہوئے عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ شفاف تعلقات کو مضبوط بنائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version