news
آئی جی پنجاب عثمان انور کا صوبے بھر میں سکیورٹی بڑھانے کا حکم
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبے بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
انہوں نے تمام ضلعی پولیس افسران کو ہدایت دی کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی فول پروف بنائی جائے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور لا اینڈ آرڈر کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے حکم دیا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور کاروباری مراکز کے اطراف میں پٹرولنگ بڑھائی جائے، جبکہ اہم شاہراہوں پر پولیس کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کا براہ راست جائزہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے۔
گزشتہ روز ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں لا اینڈ آرڈر اور صوبائی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے واضح کیا کہ جمعہ کے روز کسی کو ہڑتال یا احتجاج کے نام پر سڑکوں پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر اور بلوائیوں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی جس کی سزا 10 سے 14 سال تک ہو سکتی ہے۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ زندگی کا پہیہ چلتا رہے گا، مارکیٹیں، ٹرانسپورٹ اور کاروبار معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس بیسڈ ٹیکنالوجی کی مدد سے 7 اے ٹی اے کے تحت مطلوب شرپسندوں کی گرفتاری کے لیے متحرک ہے۔