انٹرٹینمنٹ
اداکارہ ہانیہ عامر ہسپتال داخل، طبیعت ناساز
پاکستانی ڈمپل گرل ہانیہ عامر ہسپتال میں طبیعت بگڑنے کے باعث داخل کر لی گئیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں اچانک طبیعت ناساز ہونے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے فوری طبی امداد فراہم کی۔
ہانیہ عامر نے چند روز قبل ہیوسٹن میں ہونے والے ہم ایوارڈز 2025 میں شرکت کی تھی، جہاں انہیں ’’گلوبل اسٹار ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔ ایونٹ کے دوران ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ غیر آرام دہ اور تھکی ہوئی نظر آ رہی تھیں۔ اسی ویڈیو کے بعد مداحوں نے ان کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، تقریب کے اگلے روز ہانیہ عامر ہسپتال میں چیک اپ کے لیے داخل ہوئیں کیونکہ ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی تھی۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں اداکارہ کمزور اور غیر صحت مند دکھائی دے رہی ہیں۔
ہانیہ عامر کی مینجمنٹ ٹیم نے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ تاہم قریبی ذرائع کے مطابق وہ اب بہتری کی جانب گامزن ہیں اور جلد وطن واپس لوٹنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر پاکستان کی مقبول ترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 19 ملین سے زائد ہے، جو انہیں پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی سلیبرٹی بناتی ہے۔ انہوں نے بھارتی اداکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ پنجابی فلم ’’سر دار جی 3‘‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔