کاروبار
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا امریکا دورہ، سرمایہ کاری تعلقات پر اہم ملاقاتیں
اسلام آباد: وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے امریکا کے دورے کے دوران کئی اہم ملاقاتیں کیں جن کا مقصد پاکستان اور امریکا کے درمیان سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ نے امریکی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (DFC) کے سی ای او بینجمن بلیک سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع، اقتصادی تعاون اور نجی شعبے کی شمولیت پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان کے تیل و گیس، معدنیات، زراعت، آئی ٹی اور دواسازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قیادت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور مالی تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیر خزانہ نے ڈی ایف سی کی جانب سے پاکستان میں نجی شعبے کی قیادت میں سرمایہ کاری کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مشترکہ منصوبے دونوں ممالک کے معاشی تعلقات کو نئی سطح تک لے جائیں گے۔
اس کے علاوہ، وزیر خزانہ نے باروارز فورم راؤنڈ ٹیبل میں شرکت کرتے ہوئے قرضوں کی ادائیگیوں اور سماجی شعبے میں سرمایہ کاری کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے فورم کو علم کے تبادلے اور پالیسی ہم آہنگی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بہتر قرضوں کے نظم و نسق، تکنیکی استعداد میں اضافے اور پائیدار مالی وسائل تک رسائی پاکستان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔