کاروبار
ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشواروں کی ڈیڈ لائن میں توسیع نہ دینے کا فیصلہ کرلیا
ایف بی آر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی ڈیڈ لائن میں مزید توسیع نہ دینے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق سال 2025 کے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا آج آخری روز ہے، جس کے بعد نان فائلرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ایف بی آر کی سوشل میڈیا مانیٹرنگ ٹیم نے اہم ڈیٹا جمع کرلیا ہے اور اب نوٹس بھیجنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر دولت کی نمود و نمائش کرنے والے افراد کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ قیمتی گاڑیاں، جائیدادیں، زیورات اور مہنگے لباس دکھانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی متوقع ہے۔
مزید یہ کہ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے مہنگی شاپنگ کرنے، بیرونی دوروں کی تصاویر شیئر کرنے، اور شادی کی تقریبات میں نوٹ نچھاور کرنے والے بھی ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئے ہیں۔
ایف بی آر حکام کے مطابق ڈیڈ لائن کے بعد پہلے مرحلے میں بڑے نان فائلرز کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ ان میں مہنگے بنگلوں، فلیٹس، فارم ہاؤسز اور کمرشل جائیدادوں کے مالکان شامل ہوں گے۔ ایسے تمام افراد کو فوری طور پر انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان ایف بی آر نے کہا کہ تاخیر سے گوشوارے جمع کرانے والے افراد لیٹ کیٹگری میں شامل کیے جائیں گے اور انہیں اضافی ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کا ہدف ٹیکس نیٹ کو بڑھانا اور پوش طبقے میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینا ہے تاکہ قومی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے۔