ٹیکنالوجی
ایس اے پی نیٹ ویور سیکیورٹی خامیاں، نیشنل سرٹ کا الرٹ جاری
نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ) نے ایس اے پی نیٹ ویور سیکیورٹی خامیاں سامنے آنے کے بعد ایک ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ایس اے پی نیٹ ویور وہ نظام ہے جو دنیا بھر کی بڑی کمپنیوں میں کاروباری اپلیکیشنز چلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ نیشنل سرٹ کے مطابق حالیہ دریافت شدہ خامیوں سے ہیکرز کو سنگین فائدہ ہو سکتا ہے، جس سے سسٹم پر مکمل کنٹرول حاصل کیا جا سکتا ہے اور حساس ڈیٹا چوری ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا کہ یہ سیکیورٹی خامیاں غیر محفوظ فائل اپ لوڈ، تصدیق بائی پاس اور لاگ اِن کے بغیر سسٹم کمانڈز چلانے کی صلاحیت فراہم کرتی ہیں، جس سے اداروں کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
نیشنل سرٹ نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر سیکیورٹی اپڈیٹس انسٹال کریں، متاثرہ ماڈیولز تک نیٹ ورک رسائی محدود کریں اور اپنے سسٹمز کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ لاگز میں مشکوک سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھی جائے اور حساس ڈیٹا کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر بروقت سیکیورٹی پیچ نہ لگائے گئے تو سسٹم مکمل طور پر متاثر ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ ایس اے پی نیٹ ویور سیکیورٹی خامیاں عالمی سطح پر کمپنیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں، اس لیے ان پر فوری توجہ ناگزیر ہے۔