کاروبار
پاکستان میں سونا مہنگا، فی تولہ قیمت نئی بلند ترین سطح پر
پاکستان میں سونا مہنگا ہونے کا سلسلہ جاری ہے، ملکی تاریخ میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹس میں سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ آج مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونا 6900 روپے مہنگا ہوکر 4 لاکھ 35 ہزار 100 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح دس گرام سونا 5916 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 73 ہزار 28 روپے کا ہو گیا۔ دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 5247 روپے کی ریکارڈ سطح پر برقرار ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی اور معاشی غیر یقینی کی صورتحال سونے کی قیمتوں کو اوپر لے جا رہی ہے۔
انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ میں بھی فی اونس سونا 69 ڈالر مہنگا ہو کر 4140 ڈالر کا ہو گیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت مزید بڑھ سکتی ہے۔
صرافہ مارکیٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی بحران، ڈالر کی قدر اور مہنگائی کے دباؤ کے باعث پاکستان میں سونا مہنگا ہونا ناگزیر ہے۔ تاہم خریداروں کے لیے یہ صورتحال تشویش کا باعث بن چکی ہے کیونکہ شادیوں کے موسم میں زیورات کی قیمتیں پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔