خاص رپورٹ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف سے ملاقات، اصلاحات پر زور

Published

on

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد ازعور سے ملاقات کرکے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عزم کا اعادہ کیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے امریکا کے سرکاری دورے کے پہلے دن واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک گروپ کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کی، جہاں متعدد اہم ملاقاتیں ہوئیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ اور ان کے وفد نے آئی ایم ایف کے مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد ازعور سے تفصیلی ملاقات کی۔ دونوں فریقوں نے پاکستان کے معاشی استحکام اور اصلاحاتی اقدامات پر بات چیت کی اور اس عمل کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) کے دوسرے جائزے پر پیش رفت پر غور کیا گیا جبکہ میکرو اکنامک استحکام کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کامن ویلتھ اجلاس میں شرکت کے دوران پائیدار ترقی، مضبوط شراکت داری اور ٹیکنیکل اسسٹنس فنڈ کے قیام کی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مشترکہ مالیاتی ڈھانچے ناگزیر ہیں۔

وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے سینیئر منیجنگ ڈائریکٹر ایکسل وین ٹروٹسین برگ سے ملاقات میں پاکستان کے ترقیاتی پروگرام کے لیے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے وجودی خطرہ بن چکی ہے، حالیہ سیلاب اس کی واضح مثال ہیں۔

بعدازاں، وزیر خزانہ نے یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے اراکین سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان کے معاشی اشاریوں میں بہتری، نجی شعبے کے فروغ اور امریکی سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مائننگ، زراعت، آئی ٹی اور فارماسیوٹیکل جیسے شعبے دوطرفہ تعاون کے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version