head lines
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے عوام کو نمایاں ریلیف ملنے کی امید ہے۔
ذرائع کے مطابق 16 اکتوبر سے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 1 روپیہ، مٹی کے تیل میں 2 روپے 75 پیسے اور لائٹ ڈیزل میں 1 روپیہ 64 پیسے کمی متوقع ہے۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق اگر حکومت نے لیوی ٹیکسز میں اضافہ نہ کیا تو عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
اوگرا (OGRA) نے انڈسٹری کی جانب سے موصولہ ورکنگ رپورٹ حاصل کر لی ہے اور قیمتوں میں ردوبدل کی سمری وزارت خزانہ کو بھیجنے کی تیاری مکمل ہے۔
قیمتوں کا حتمی اعلان وزارتِ خزانہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
گزشتہ دو ہفتوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رجحان جاری ہے۔
پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 162.96 روپے سے کم ہو کر 158.86 روپے فی لیٹر پر آ گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 174.28 سے کم ہو کر 173.31 روپے رہ گئی۔
اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل میں بھی بالترتیب 1.8 فیصد اور 1.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 76.51 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 73.71 ڈالر فی بیرل پر آ چکی ہے، جب کہ پریمئم میں بھی 35 سینٹ کمی دیکھنے میں آئی۔
یہ کمی پاکستانی صارفین کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے کیونکہ ملک میں گزشتہ کئی مہینوں سے مہنگائی کے دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔