head lines
ملک بھر میں 18 گھنٹے کیلئے انٹرنیٹ سروس متاثر، صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا
ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس میں تعطل کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پی ٹی سی ایل اور دیگر ٹیلی کام کمپنیوں نے اعلان کیا ہے کہ منگل کے روز ملک میں 18 گھنٹے کیلئے انٹرنیٹ سروسز متاثر رہیں گی۔
یہ تعطل صبح 11 بجے سے شروع ہو کر رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق، انٹرنیٹ فراہمی میں رکاوٹ سب میرین کیبل کی مرمت کے باعث پیش آئے گی۔
کمپنیوں کا کہنا ہے کہ مرمتی کام کے دوران صارفین کو انٹرنیٹ سروسز تک محدود یا منقطع رسائی کا سامنا ہوسکتا ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور کے شہری پہلے ہی گزشتہ چند دنوں سے مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث انٹرنیٹ سست روی کا شکار ہیں۔
اب سب میرین کیبل کی مرمت کے بعد صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیٹ کی رفتار کے لحاظ سے دنیا کے سست ترین ممالک میں شامل ہے۔
عالمی ادارے اوکلا اسپیڈ ٹیسٹ گلوبل انڈکس کے مطابق پاکستان میں موبائل اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی رفتار عالمی سطح پر 12 فیصد کم ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک گزشتہ برس موبائل انٹرنیٹ میں 100 ویں اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ میں 141 ویں نمبر پر رہا۔
پاکستان میں صارفین کو روزمرہ کی بنیاد پر واٹس ایپ، ویڈیو اسٹریمنگ اور فائل ڈاؤن لوڈ میں مشکلات درپیش ہیں۔
یہ صورتحال اس وقت مزید تشویشناک بن جاتی ہے جب وی پی این سروسز تک بھی محدود رسائی کی خبریں سامنے آتی ہیں۔
ورلڈ پاپولیشن ریویو کے مطابق پاکستان میں انٹرنیٹ کی اوسط ڈاؤن لوڈ رفتار 7.85 Mbps ریکارڈ کی گئی ہے۔
گزشتہ سال مئی میں رپورٹ کیا گیا کہ پاکستان دنیا کے سست ترین انٹرنیٹ رکھنے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں براڈ بینڈ اسپیڈ صرف 15.52 Mbps جبکہ موبائل انٹرنیٹ اسپیڈ 19.59 Mbps رہی۔