انٹرٹینمنٹ
ابھیشیک بچن نے 25 سال بعد پہلا فلم فیئر ایوارڈ جیت لیا
بالی ووڈ کے معروف اداکار ابھیشیک بچن نے فلم انڈسٹری میں 25 سالہ شاندار سفر کے بعد بالآخر اپنا پہلا فلم فیئر ایوارڈ جیت لیا۔ 70 ویں فلم فیئر ایوارڈز 2025 کی تقریب میں انہیں بہترین اداکار کے اعزاز سے نوازا گیا۔ ابھیشیک بچن کو یہ ایوارڈ فلم ’آئی وانٹ ٹو ٹاک‘ میں ان کی متاثر کن اداکاری پر دیا گیا جس نے ناظرین اور ناقدین دونوں کے دل جیت لیے۔
ایوارڈ وصول کرتے وقت ابھیشیک بچن جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ ’’میرے فلمی کیریئر کو 25 سال مکمل ہوئے ہیں اور یہ لمحہ میرے لیے خواب کی تعبیر جیسا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ ہمیشہ میرا خواب رہا ہے کہ میں فلم فیئر ایوارڈ اپنے خاندان کے سامنے وصول کروں۔‘‘
اداکار نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنی اہلیہ ایشوریا رائے بچن اور بیٹی آردھیا بچن کے نام کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ایشوریا اور آردھیا، تم دونوں کی قربانیوں کی بدولت میں آج یہاں کھڑا ہوں۔‘‘ اس موقع پر ابھیشیک بچن نے یہ ایوارڈ اپنے والد امیتابھ بچن اور بیٹی آردھیا کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں یہ اعزاز اپنے دو ہیروز کے نام کرتا ہوں — اپنے والد اور اپنی بیٹی کے۔‘‘