کاروبار
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف و ورلڈ بینک اجلاسوں کیلئے امریکا روانہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کیلئے امریکا روانہ ہوگئے۔ ان کے اس دورے کو پاکستان کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ قرض پروگرام کی اگلی قسط کے حصول کیلئے اسٹاف لیول معاہدہ اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
دورے کے دوران وزیر خزانہ کی عالمی بینک کے صدر اجے بنگا، آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جارجیوا اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں طے ہیں۔ ان ملاقاتوں میں ای ایف ایف پروگرام کے تحت 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط، کلائمیٹ فنانسنگ اور معاشی اصلاحات پر بات چیت ہوگی۔
محمد اورنگزیب وائٹ ہاؤس، امریکی کانگرس، ٹریژری ڈیپارٹمنٹ اور بزنس کونسل کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، ٹیکس اصلاحات، ایف بی آر کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور معاشی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔