ٹیکنالوجی
ایپ ڈاؤن لوڈز میں پاکستان دنیا بھر میں نواں نمبر پر
دنیا بھر میں روزانہ اربوں ایپس ڈاؤن لوڈ کی جاتی ہیں، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ سب سے زیادہ ایپس کس ملک میں ڈاؤن لوڈ کی جاتی ہیں؟ حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان ایپ ڈاؤن لوڈز کے لحاظ سے دنیا کے ٹاپ 10 ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے 2024 میں تقریباً 3.56 بلین ایپس ڈاؤن لوڈ کیں، جس کے بعد پاکستان نے عالمی سطح پر نواں مقام حاصل کیا۔ 2022 میں بھی پاکستان اسی نمبر پر رہا تھا، جب اس نے تقریباً 3.5 بلین ڈاؤن لوڈز ریکارڈ کیے تھے۔
پاکستان کی ایپ مارکیٹ میں سالانہ اضافہ بھی قابلِ ذکر ہے۔ صرف 2022 میں ایپ ڈاؤن لوڈز میں 35.4 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
عالمی سطح پر اگر بات کی جائے تو چین سب سے زیادہ ایپ ڈاؤن لوڈز والا ملک ہے، جب کہ دوسرے نمبر پر بھارت، تیسرے پر برازیل اور چوتھے نمبر پر انڈونیشیا موجود ہیں۔
یہ ڈیٹا ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان تیزی سے بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت اور موبائل استعمال کے لحاظ سے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔