کاروبار
آئی ایم ایف کی شرط پر ایف بی آر کی پیشرفت — سرکاری ملازمین کے اثاثے پبلک کرنے کی تیاری
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور اہم شرط پوری کرنے کی جانب پیشرفت کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کے اثاثے پبلک کرنے سے متعلق بڑا قدم اٹھا لیا۔
اس مقصد کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے “سول سرونٹس کے اثاثہ جات کے گوشواروں کے اشتراک کے رولز 2023” میں مزید ترامیم کا مجوزہ مسودہ جاری کر دیا ہے۔
ان ترامیم کے تحت پبلک سرونٹ کی نئی تعریف شامل کی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف بی آر نے مجوزہ ترمیمی مسودے پر عوام اور اسٹیک ہولڈرز سے آراء طلب کر لی ہیں۔
ادارے نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی کو ان ترامیم پر اعتراض یا تجاویز ہیں تو وہ انہیں اشاعت کے سات دن کے اندر ایف بی آر کو ارسال کر سکتے ہیں۔
موصول ہونے والی تمام تجاویز اور اعتراضات کو حتمی فیصلے سے قبل غور و خوض میں شامل کیا جائے گا۔