news
وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی سے کشیدگی کم کرنے کے لیے سینئر رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان حالیہ سیاسی کشیدگی کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھی مدعو کیا گیا ہے، جو صدر مملکت آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام وزیراعظم تک پہنچائیں گے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان تنازعے سے متعلق صدر زرداری کو تفصیلات سے آگاہ کیا، جس پر صدر نے انہیں ہدایت کی کہ وہ موجودہ صورتحال میں مصالحتی کردار ادا کریں تاکہ وفاقی اتحاد میں دراڑ نہ پڑے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں دونوں جماعتوں کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم براہِ راست پیپلز پارٹی کی قیادت سے رابطہ بھی کریں گے تاکہ پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے اختلافات ختم کیے جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب اور سندھ حکومتوں کے درمیان سیاسی محاذ آرائی، سیلاب متاثرین کے معاوضے اور پانی کے حقوق جیسے حساس معاملات پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی جانب سے وزیراعظم کو قومی اسمبلی کے حالیہ اجلاس سے پیپلز پارٹی کے واک آؤٹ کے پسِ منظر اور ان کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق وزیراعظم کا یہ اقدام دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان پیدا ہونے والی خلیج کو کم کرنے کی کوشش ہے تاکہ حکومت کے اندرونی اختلافات سیاسی بحران میں نہ بدل جائیں۔