news
پاکستان سے 30 بین الاقوامی کمپنیوں کا انخلا
پاکستان میں معاشی غیر یقینی صورتحال اور کاروباری لاگت میں اضافے کے باعث گزشتہ تین برسوں کے دوران 30 سے زائد بین الاقوامی کمپنیاں ملک چھوڑ چکی ہیں۔ ان کمپنیوں میں مائیکروسافٹ، شیل، اوبر، یاماہا، ایلی لِلی اور حال ہی میں پروکٹر اینڈ گیمبل (P&G) شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق امریکی ملٹی نیشنل کمپنی پی اینڈ جی نے پاکستان میں اپنی پیداوار اور تجارتی سرگرمیاں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب یہ ادارہ صرف “تھرڈ پارٹی ڈسٹری بیوٹرز” کے ذریعے اپنا کاروبار چلائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بلند ٹیکس، روپے کی قدر میں کمی، سیکیورٹی خدشات اور غیر رسمی معیشت کے پھیلاؤ نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر ابوذر شاد کے مطابق، ملک سے 30 بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے انخلا نے معیشت کو جھٹکا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “11 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے جا چکے ہیں، گزشتہ 33 ماہ میں غربت 10 فیصد بڑھی ہے، جبکہ سیلابوں نے 25 لاکھ ایکڑ رقبہ تباہ کر دیا اور 70 فیصد فصلیں ختم ہو چکی ہیں۔ ایسے حالات میں معیشت کی بحالی ایک بڑا چیلنج ہے۔”
ماہرین کے مطابق اگر حکومت نے سرمایہ کاروں کے لیے ٹیکس اصلاحات، پالیسی استحکام اور سیکیورٹی ماحول بہتر نہ بنایا تو مزید بین الاقوامی کمپنیاں بھی ملک سے رخصت ہو سکتی ہیں۔