news

عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ: اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست

Published

on

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹس کو غیرقانونی قرار دے کر ہٹانے سے متعلق دائر درخواست پر اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے غلام مرتضیٰ نامی شہری کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عمران خان، نیشنل سائبر کرائم ایجنسی، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب داخل کرنے کا حکم دیا۔

درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی پوسٹس بدنیتی پر مبنی ہیں، لہٰذا عدالت ان پوسٹس کو ہٹانے اور اکاؤنٹ کو بلاک کرنے کا حکم دے۔

ادھر وفاقی حکومت نے بھی اس حوالے سے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے تصدیق کی ہے کہ حکومت نے ایکس (X) پلیٹ فارم سے عمران خان کے اکاؤنٹ کے حوالے سے رابطے کیے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی مزید شواہد سامنے آئیں گے، قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس کے ساتھ ہی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے عمران خان سے مزید تفتیش کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک 21 نکاتی سوالنامہ فراہم کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق سابق وزیراعظم سے اس معاملے میں جیل میں دو بار ملاقات کی جا چکی ہے، تاہم عمران خان کی جانب سے تعاون نہ کرنے کی شکایت بھی سامنے آئی ہے۔ تفتیشی ٹیم اب سوالنامے کے تحریری جوابات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version