news
شہباز شریف، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے پر زور
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار شہباز شریف نے ملائیشیا کے معروف بزنس گروپ “گوبی پارٹنرز” کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جس کی قیادت کو فاؤنڈر اور چیئر تھامس ساؤ کر رہے تھے۔ اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر اطلاعات عطاء تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
ملاقات میں گوبی پارٹنرز نے پاکستان میں ای کامرس اور فنانشل ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دلچسپی ظاہر کی، جس کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں وسیع پوٹینشل عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اصلاحات پر کام کر رہی ہے، جبکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل معیشت، خاص طور پر فن ٹیک، ای کامرس اور آئی ٹی خدمات پاکستان کی ترقیاتی حکمتِ عملی میں مرکزی حیثیت رکھتی ہیں، اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے ذریعے ایک مضبوط اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم تشکیل دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔