news
چین نے اُڑنے والا وِنڈ ٹربائن تیار کر لیا
چین نے ہوا سے بجلی پیدا کرنے والا ایک انقلابی ونڈ ٹربائن تیار کیا ہے جو زمین سے بلند ہو کر کام کرتا ہے۔ “S1500” نامی یہ اُڑنے والا ونڈ ٹربائن SAWES Energy Technology کمپنی نے سنگھوا یونیورسٹی اور چین اکیڈمی آف سائنسز کے اشتراک سے تیار کیا ہے۔ اس ٹربائن کا ڈھانچہ تقریباً 60 میٹر لمبا، 40 میٹر چوڑا اور 40 میٹر اونچا ہے، جبکہ اس میں 12 جنریٹرز نصب ہیں، جو مجموعی طور پر 1.2 میگاواٹ بجلی پیدا کر سکتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ونڈ ٹربائن انفلیٹیبل (پھولنے والی) ساخت رکھتا ہے، جس کی بدولت اسے بھاری انفراسٹرکچر یا ٹاورز کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس کی پیدا کردہ بجلی تار کے ذریعے زمین تک پہنچائی جاتی ہے۔ یہ سسٹم خاص طور پر ایسے علاقوں میں مؤثر ثابت ہو سکتا ہے جہاں روایتی ونڈ ٹربائن لگانا مشکل ہو، جیسے دلدلی علاقے، دور دراز جزائر، صحرا یا کان کنی کے مقامات۔
رپورٹس کے مطابق، یہ نیا نظام روایتی ونڈ ٹربائنز کے مقابلے میں 40 فیصد کم مواد استعمال کرتا ہے اور فی کلو واٹ-گھنٹہ بجلی کی لاگت میں بھی تقریباً 30 فیصد کمی لاتا ہے، جو توانائی کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔