news

وزیراعظم انور ابراہیم کی اردو سے محبت: شہباز شریف سے اقبال کا شعر سننے کی فرمائش

Published

on

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی اردو زبان اور علامہ اقبال سے محبت کا ایک خوبصورت مظاہرہ اس وقت سامنے آیا جب انہوں نے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے علامہ اقبال کا مشہور شعر اردو میں سننے کی خواہش ظاہر کی۔ کوالالمپور میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے “خودی کو کر بلند اتنا…” کا مفہوم انگریزی میں بیان کرنا چاہا تو انور ابراہیم نے انہیں روک کر درخواست کی کہ وہ پہلے یہ شعر اردو میں پڑھیں۔ شہباز شریف نے مسکراتے ہوئے کہا، “جی بالکل، کیونکہ میں جانتا ہوں کہ آپ اردو اچھی سمجھتے ہیں”، اور پھر پورے اعتماد سے شعر سنایا۔ اس پر انور ابراہیم نے بھی اردو میں مصرع سنا کر جواب دیا، جس پر وزیراعظم پاکستان نے ان کی تعریف کی اور ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔

یہ واقعہ شہباز شریف کے سرکاری دورہ ملائیشیا کے دوران پیش آیا جہاں انہوں نے وزیر اعظم انور ابراہیم سے پردانا پترا، پتراجایا میں ملاقات کی۔ استقبالیہ تقریب میں پرتپاک استقبال کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کیے گئے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، خصوصاً تجارت، اقتصادی ترقی، سائنس و ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم اکتوبر 2024 میں پاکستان کا دورہ کریں گے، تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور بامعنی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version