news
میٹا نے پاکستان میں انسٹاگرام روڈ میپ فیچر متعارف کروا دیا
سوشل میڈیا کمپنی میٹا نے پاکستان میں انسٹاگرام میپ کا نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جو صارفین کو مواد تلاش کرنے اور دوستوں کے ساتھ جڑنے کا ایک دلچسپ اور انٹرایکٹو طریقہ فراہم کرتا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی لوکیشن شیئر کر سکتے ہیں اور مختلف کانٹینٹ جیسے اسٹوریز، ریلز، پوسٹس اور نوٹسز کو لوکیشن ٹیگز کے ذریعے دریافت کر سکتے ہیں۔
یہ فیچر انسٹاگرام پر صارف کے ڈی ایم انباکس کے اوپر براہ راست دستیاب ہوگا، جس کی مدد سے مقامی کیفے، تقریبات یا کانسرٹس وغیرہ سے منسلک مواد کو آسانی سے تلاش کیا جا سکے گا۔
صارفین کو مکمل اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اپنی لوکیشن کس سے شیئر کرنا چاہتے ہیں — صرف قریبی دوستوں سے، منتخب افراد سے یا کسی سے بھی نہیں۔ اس کے ساتھ ہی انسٹاگرام نے نوجوان صارفین کی پرائیویسی کا بھی خاص خیال رکھا ہے اور والدین کو نگرانی کے اختیارات دیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے بچوں کی شیئرنگ سیٹنگز کو دیکھ اور کنٹرول کر سکیں۔
اس نئے فیچر میں مزید بہتریاں بھی شامل کی گئی ہیں، جیسے کہ پروفائل فوٹوز کو میپ کانٹینٹ سے ہٹانا، بند لوکیشنز پر واضح نشاندہی، اور ٹیگ شدہ مواد کی جھلک پیش کرنا، تاکہ صارف کا تجربہ مزید محفوظ اور بہتر ہو سکے۔