news
زوبین گارگ کی موت، ساتھی کا زہر دے کر قتل کا الزام
بھارتی موسیقی کے مشہور گلوکار زوبین گارگ کی ہلاکت کے معاملے نے نیا رُخ اختیار کر لیا ہے، جب ان کے بینڈ کے ساتھی شیکھر جیوٹی گوسوامی نے انکشاف کیا کہ زوبین کو مبینہ طور پر ان کے مینیجر سدھارتھ شرما اور فیسٹیول آرگنائزر شیمکانو مہنتا نے زہر دے کر قتل کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گوسوامی نے دعویٰ کیا کہ دونوں افراد نے واقعے کو ایک حادثے کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی اور سازش کو غیر ملکی مقام پر انجام دیا تاکہ جرم کو چھپایا جا سکے۔
گوسوامی کے مطابق، واقعے سے قبل شرما کا رویہ مشکوک تھا اور اُس نے کشتی کے عملے کا کنٹرول بھی زبردستی سنبھال لیا تھا۔ جب زوبین کو پانی میں سانس لینے میں دشواری ہوئی تو شرما نے کسی کو قریب آنے سے روکا۔ گوسوامی کا کہنا ہے کہ چونکہ زوبین ایک ماہر تیراک تھے، اس لیے ان کی موت کا سبب صرف ڈوبنا نہیں ہو سکتا۔
زوبین کی اہلیہ گارما سائیکیا گارگ نے بھی اس واقعے کو مشکوک قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ زوبین کو دل کی کوئی بیماری لاحق نہ تھی، پھر بھی انہیں پانی کے قریب نہ جانے کی ہدایت دی گئی تھی۔
دوسری جانب، مینیجر شرما اور مہنتا نے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ پولیس نے ابتدائی شواہد کو درست قرار دیا ہے، تاہم آسام کے وزیراعلیٰ ہمنت بسوا شرما نے عدالتی کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ معاملے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔ یاد رہے کہ زوبین گارگ 19 ستمبر کو سنگاپور میں ایک یٹ آؤٹنگ کے دوران پانی میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے تھے۔