news
وزیراعظم کا معیشت مستحکم کرنے کا عزم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کو مستحکم اور مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بات ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کہی جس میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ معاشی بہتری غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا ثبوت ہے، حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے عوامی فلاح اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری کے تمام ممکنہ مواقع استعمال کرے گی۔
تاہم، دوسری جانب ملک میں کاروباری ماحول کی مشکلات کے باعث بین الاقوامی اور مقامی کمپنیوں نے کاروبار سمیٹنے کے فیصلے کر لیے ہیں۔ معروف ملٹی نیشنل کمپنی پراکٹر اینڈ گیمبل (P&G) نے پاکستان میں اپنی مینوفیکچرنگ اور کمرشل سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق، اب وہ پاکستانی صارفین کی خدمت تھرڈ پارٹی ڈسٹری بیوشن ماڈل کے ذریعے جاری رکھے گی۔ یہ منتقلی کئی ماہ پر محیط ہو سکتی ہے، اور اس دوران کمپنی ملازمین کی رہنمائی اور معاونت کو ترجیح دے گی۔
اسی طرح، پاکستان کی بڑی ٹیکسٹائل کمپنی گل احمد (GATM) نے اپنے برآمدی ملبوسات (ایکسپورٹر اپیرل) کے شعبے کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ نوٹس میں کمپنی نے واضح کیا کہ بڑھتی ہوئی لاگت، پالیسی میں تبدیلی، اور عالمی و مقامی چیلنجز نے کاروبار کو غیر مستحکم کر دیا ہے۔ شعبے کی بندش کا فیصلہ 29 ستمبر 2025ء کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں کیا گیا، جس کے مطابق مسلسل نقصان، خطے میں شدید مسابقت، مہنگی توانائی، بلند کپڑے کی قیمتیں اور ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس جیسے عوامل اس فیصلے کی بنیاد بنے۔