news
آزاد کشمیر: حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں وفاقی وزراء اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے۔ مذاکرات کے اختتام پر مشترکہ پریس کانفرنس میں وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں اور کمیٹی کے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لیگل ایکشن کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو ہر پندرہ روز بعد بیٹھک کرے گی تاکہ آئندہ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔
پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور مذاکراتی کمیٹی کے رکن راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بعض عناصر اس عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے تھے لیکن ان کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب کسی کو سڑکوں پر آنے کی ضرورت نہیں، تمام شکایات اور مسائل لیگل ایکشن کمیٹی کے ذریعے پیش کیے جائیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے اس معاہدے کو پاکستان، آزاد کشمیر اور جمہوریت کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو مکالمے اور باہمی احترام کے ذریعے حل کیا گیا، جس سے نہ صرف تصادم ٹلا بلکہ جمہوری روایات کو تقویت ملی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے عوام کی آواز کو سنا اور تعمیری انداز میں بات کی گئی، جس سے تمام فریقین کو اطمینان بخش حل ملا۔ احسن اقبال نے امید ظاہر کی کہ اب تمام فریقین مل کر آزاد کشمیر میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے کام کریں گے۔