news
پاکستان میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 4.07% تک پہنچ گئی
وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا ہے، اور رواں ہفتے مہنگائی کی شرح 0.56 فیصد بڑھ کر 4.07 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جن میں پیٹرول، ڈیزل، پیاز، ٹماٹر، گھی، بیف، مٹن، دہی اور سگریٹس شامل ہیں۔ صرف ٹماٹر کی قیمت میں 46.44 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ پیٹرول 1.72 فیصد اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 1.45 فیصد مہنگا ہوا۔ پیاز، لہسن اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء بھی مہنگی ہوئیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس دوران 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جن میں چکن، کیلے، دالیں، آلو، کوکنگ آئل اور ایل پی جی شامل ہیں۔ چکن کی قیمت میں 7.96 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جب کہ 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
واضح رہے کہ ستمبر میں مہنگائی کی سالانہ شرح 5.6 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جو وزارت خزانہ کے اندازوں سے زیادہ رہی۔ وزارت خزانہ نے ستمبر کے لیے مہنگائی کا تخمینہ 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان لگایا تھا، تاہم حقیقی شرح اس سے بڑھ گئی۔ جولائی سے ستمبر کی سہ ماہی کے دوران اوسط مہنگائی 4.22 فیصد رہی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا دباؤ مسلسل جاری ہے۔