news
بلاول بھٹو کا اسرائیل سے صمود فلوٹیلا کے تمام افراد کی رہائی کا مطالبہ
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے اور اس پر سوار ڈاکٹروں و رضاکاروں کو حراست میں لینے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ کھانا اور دوا کبھی خطرہ نہیں ہو سکتے، اور اسرائیل کا یہ اقدام انسانیت پر کھلا حملہ ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ فلوٹیلا پر موجود پاکستانی سینیٹر مشتاق احمد خان کی گرفتاری بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، اور اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس غیر قانونی اقدام کا نوٹس لے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا سے حراست میں لیے گئے تمام افراد کو فی الفور رہا کیا جائے، غزہ کے لیے محفوظ انسانی راہداری قائم کی جائے، اور فلسطینی عوام کو انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاملہ صرف ایک انسانی بحران نہیں بلکہ بین الاقوامی اصولوں، ضمیر اور انسانی ہمدردی کا امتحان ہے۔