news
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی
کراچی:
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی زبردست تیزی کا رجحان غالب رہا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کاروبار کا آغاز 459 پوائنٹس کی تیزی سے ہوا اور انڈیکس 1,68,949 پوائنٹس تک جا پہنچا۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے باعث مارکیٹ میں مزید بہتری آئی اور انڈیکس 939 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ 1,69,429 پوائنٹس کی تاریخی سطح کو چھو گیا۔
اس سے ایک روز قبل، جمعرات کو بھی مارکیٹ میں مثبت رجحان غالب رہا تھا، جب کاروبار کے آغاز پر ہی 593 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس سے انڈیکس 1,66,233 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ دن بھر یہ تیزی جاری رہی اور کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 2,849 پوائنٹس کے زبردست اضافے کے ساتھ 1,68,489 پوائنٹس پر بند ہوا، جو کہ ایک نیا ریکارڈ تھا۔
مسلسل دوسرے دن بھی مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی کے رجحان نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کر دیا ہے، جسے ماہرین معیشت ملکی اقتصادی پالیسیوں اور استحکام کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔