news
وزیراعلیٰ مریم نواز کی نیشنل سیکیورٹی کورس وفد سے ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں تعیناتیاں مکمل طور پر میرٹ پر کی جا رہی ہیں اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران کے ہر فیصلے کا براہِ راست اثر عوام کی زندگیوں پر ہوتا ہے، اس لیے گڈ گورننس کا مطلب صرف احسان نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء اور فیکلٹی ممبران سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں پنجاب حکومت کے جاری فلاحی اور تاریخی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کے وسائل صرف عوام پر خرچ کیے جا رہے ہیں اور ای-ٹینڈرنگ جیسے اقدامات کے ذریعے شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ وطن دھرتی ماں کی مانند ہے، اور اس سے بے وفائی ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں اب سیاسی بنیادوں پر تقرریاں اور اقربا پروری کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے پاکستان آرمی، نیوی اور ایئر فورس کو آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ حالیہ سیلاب کے دوران ملک کا سب سے بڑا انخلاء آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا، جس میں تھرمل امیجنگ ڈرونز کا مؤثر استعمال کیا گیا۔ زراعت کے شعبے میں پہلی بار میکانائزیشن متعارف کروائی جا رہی ہے، اور کینسر کے مریضوں کیلئے جدید کوابلیشن مشین کے ذریعے علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سموگ کے خاتمے کیلئے 15 جدید سموگ گنز درآمد کی گئی ہیں۔
وفد میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج اور سول سروسز کے افسران کے ساتھ ساتھ 26 ممالک سے تعلق رکھنے والے 47 شرکاء بھی شامل تھے، جن میں آسٹریلیا، برطانیہ، چین، امریکا، سعودی عرب، ترکی، ایران، فلسطین، متحدہ عرب امارات اور جنوبی کوریا جیسے ممالک شامل تھے۔ وفد نے پنجاب حکومت کے فلاحی اقدامات اور ترقیاتی پراجیکٹس کو سراہا اور وزیراعلیٰ کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔