news
شیرانی، بلوچستان میں انٹیلی جنس آپریشن
بلوچستان کے ضلع شیرانی میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر مبنی انٹیلی جنس آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ “فتنہ الخوارج” کے سات دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی مؤثر انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور اس نوعیت کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔
یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف ایسی کامیاب کارروائیاں کی گئی ہوں۔ اس سے قبل بھی کوئٹہ کے نواحی علاقے غزا بند میں سکیورٹی فورسز نے ایک بڑے مشترکہ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ پہاڑی علاقے میں ہونے والے اس آپریشن کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں سکیورٹی فورسز کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
اسی طرح ضلع شیرانی میں ایک اور کارروائی کے دوران بھی 8 دہشتگرد مارے گئے تھے، یوں حالیہ دنوں میں مجموعی طور پر بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ 25 دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں انجام کو پہنچ چکے ہیں۔ ان تمام کارروائیوں میں دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید ہتھیار اور بارودی مواد برآمد کیا گیا، جو ملکی سلامتی کے خلاف استعمال کیا جانا تھا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دشمن قوتیں پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم فورسز ہر محاذ پر چوکس اور تیار ہیں تاکہ وطن عزیز کو دہشت گردی سے مکمل نجات دلائی جا سکے۔