head lines
اسرائیلی فوج کا گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ، سابق پاکستانی سینیٹر مشتاق احمد گرفتار
غزہ کی جانب امداد لے کر جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد کشتیوں کو روک لیا اور کئی کارکنان کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی شامل ہیں۔ پاک فلسطین فورم کے مطابق صرف مبصرین کی ایک کشتی بچ کر نکلنے میں کامیاب ہوئی، جس کے ذریعے اطلاع دی گئی کہ مشتاق احمد خان کے جہاز کو اسرائیلی فورسز نے روک لیا ہے۔
تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ مشتاق احمد خان اور دیگر کارکنان کی گرفتاری کے خلاف اسلام آباد اور لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق فلوٹیلا میں 40 سے زائد کشتیاں شامل ہیں، جن میں 500 سے زیادہ افراد سوار ہیں۔ اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بعض کشتیوں کو سمندر میں ڈبونے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ادھر اسپین، اٹلی اور یونان نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ فلوٹیلا میں شامل افراد کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔ امدادی قافلہ اس وقت غزہ سے تقریباً 150 سمندری میل کے فاصلے پر موجود ہے اور ’ہائی رسک زون‘ میں داخل ہوچکا ہے، جہاں ماضی میں بھی اسرائیلی افواج انسانی ہمدردی پر مبنی جہازوں کو نشانہ بنا چکی ہیں۔