news
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، بھارتی اسپانسرڈ 18 دہشتگرد ہلاک
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے مختلف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن میں مجموعی طور پر 18 دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔بلوچستان کوئٹہ کے نواحی علاقے غزا بند میں فورسز نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ آپریشن پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاعات پر کیا گیا تھا، جہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ فائرنگ کے دوران 2 سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
اسی روز ضلع شیرانی میں بھی ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخواج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ یہ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور دیگر تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ ان کے قبضے سے بھی اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
ایک روز قبل خضدار کے علاقے زہری میں بھی فتنہ الہندوستان کے خلاف سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کی تھی، جس میں 7 دہشتگرد مارے گئے اور 10 زخمی ہوئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگرد علاقے میں مقامی آبادی کو ہراساں کر رہے تھے اور پہاڑی علاقوں میں اپنی موجودگی بڑھا رہے تھے۔ کارروائی میں ہیلی کاپٹرز اور گراؤنڈ فورسز نے حصہ لیا، اور دہشتگردوں کے قبضے سے تیار شدہ آئی ای ڈیز، امریکی ساختہ ہتھیار، ٹرانسمیٹرز، گرنیڈز اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔ سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کی جانب سے بدوکشت پل پر نصب بڑی آئی ای ڈی کو بھی ناکارہ بنا دیا۔