news
گل احمد ٹیکسٹائل نے برآمدی ملبوسات کا شعبہ بند کر دیا
پاکستان کی معروف ٹیکسٹائل کمپنی گل احمد ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ (GATM) نے اپنے برآمدی ملبوسات (ایکسپورٹر اپیرل) کے شعبے کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ 29 ستمبر 2025 کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں کیا گیا۔ فیصلے کی بنیادی وجہ اس شعبے کو مسلسل آپریشنل نقصانات کا سامنا تھا، جو کہ بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت اور حکومتی پالیسیوں میں تبدیلیوں کی وجہ سے ہوا۔
گل احمد ٹیکسٹائل کا کہنا ہے کہ برآمدی ملبوسات کا شعبہ چونکہ زیادہ محنت طلب ہے، اس لیے یہ اندرونی اور بیرونی دباؤ کے تحت مستقل منافع کے دباؤ کا شکار رہا۔ اہم عوامل میں علاقائی مسابقت، زر مبادلہ کی مضبوط شرح، ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس میں اضافہ، کپڑے کی قیمتوں میں اضافہ اور توانائی کے بڑھتے ہوئے نرخ شامل ہیں۔ ان تمام وجوہات نے شعبے کی لاگت اور منافع پر منفی اثر ڈالا، جس کی وجہ سے اب اسے بند کیا جا رہا ہے۔
گل احمد کا ماننا ہے کہ اس فیصلے سے کمپنی کی مالی حالت بہتر ہوگی، کیونکہ یہ اقدام جاری نقصانات کو کم کرے گا، قرضوں کی سطح گھٹے گی اور کیش فلو میں بہتری آئے گی۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ بندش صرف برآمدی ملبوسات کے شعبے تک محدود ہے، جبکہ ہوم ٹیکسٹائل، اسپننگ، اور ویونگ سمیت دیگر شعبوں میں کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ گل احمد گروپ ٹیکسٹائل انڈسٹری میں ایک پرانا اور معتبر نام ہے، جس کی بنیاد 1900ء کی دہائی میں رکھی گئی، جبکہ 1953 میں مینوفیکچرنگ کا آغاز ہوا اور 1955 میں اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی کا درجہ دیا گیا۔ آج گل احمد نہ صرف ٹیکسٹائل مصنوعات کی تیاری میں سرگرم ہے بلکہ ملک بھر میں 40 سے زائد اسٹورز کے ساتھ ایک کامیاب ریٹیل نیٹ ورک بھی چلا رہا ہے