news
علی امین گنڈاپور کا علیمہ خان پر ایم آئی سے روابط اور پارٹی میں تقسیم کا الزام
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملٹری انٹیلیجنس (ایم آئی) سے رابطے میں ہیں، پارٹی کے سوشل میڈیا نیٹ ورکس ان کے کنٹرول میں ہیں اور وہ خود کو پارٹی چیئرمین بنانا چاہتی ہیں۔ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ علی امین گنڈاپور نے عمران خان سے ملاقات میں ان کے خلاف یہ تین شکایات کیں۔ دوسری جانب علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ علیمہ خان وی لاگرز کے ذریعے پارٹی کے خلاف مہم چلا رہی ہیں اور گروپ بندی کو ہوا دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان کی وجہ سے پارٹی میں اختلافات اور مایوسی پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں “مائنس بانی” مہم اور تقسیم کی بڑی وجہ علیمہ خان ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے وفادار ہیں اور کرسی یا عہدے کی پرواہ نہیں کرتے، لیکن وہ عمران خان کو پارٹی میں ہونے والی اندرونی سازشوں سے ضرور آگاہ کرتے رہیں گے، چاہے معاملہ ان کی فیملی کا ہی کیوں نہ ہو۔