news
فلپائن میں 6.9 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی، 60 سے زائد افراد ہلاک
فلپائن کے شہر بوگو کے شمال مشرق میں 6.9 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس نے قریبی علاقوں میں شدید تباہی مچائی ہے۔ غیر ملکی ذرائع کے مطابق فلپائن یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے آیا، اس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر تھی اور مرکز زمین سے تقریباً 17 کلومیٹر دور تھا۔
زلزلے کے نتیجے میں رہائشی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں، ایک سپورٹس کمپلیکس بھی گر گیا جس میں کھیل کا میچ جاری تھا۔ تعلیمی ادارے شدید متاثر ہوئے، متعدد پس لرزے محسوس کیے گئے اور خوفزدہ شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 60 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور سینکڑوں زخمی ہیں، جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ سرکاری عمارتیں، پل، سڑکیں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی زلزلے نے بری طرح متاثر کیا ہے، جن میں 6 پل اور ایک اہم سڑک بھی شامل ہے۔
حکام نے متاثرہ علاقے، خاص طور پر سیبو صوبے میں ہنگامی حالت نافذ کی ہے۔ اسکول اور سرکاری دفاتر عارضی طور پر بند کردیے گئے ہیں۔ امدادی سرگرمیاں تیز کی گئی ہیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری دوسرے علاقوں سے روانہ کردی گئی ہے۔
زلزلے نے مواصلاتی اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچایا، جس نے ریسکیو کارروائیوں میں رکاوٹیں پیدا کی ہیں۔ متاثرہ علاقوں کو پانی، ادویات اور دیگر ضروری امداد فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مکمل صورتحال کا اندازہ ابھی نہیں لگایا جا سکا۔