news
پی ٹی آئی کی اسرائیل کو تسلیم کرنے کے خلاف قرارداد منظور
اسلام آباد:
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد ایوان میں ہی اپنی “عوامی اسمبلی” منعقد کرتے ہوئے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے خلاف قرارداد منظور کرلی ہے۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے تمام اراکین شریک تھے جبکہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی بھی ان کے ہمراہ موجود رہے۔ عوامی اسمبلی کے دوران “اسرائیل کا جو یار ہے، غدار ہے غدار ہے” کے نعرے بھی لگائے گئے۔
اس موقع پر بیرسٹر گوہر علی خان نے عوامی اسمبلی میں مختلف قراردادیں پیش کیں جن میں سے ایک اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کسی بھی کوشش کی سخت مذمت پر مبنی تھی۔ مزید قراردادوں میں سابق وزیرِاعظم عمران خان کو اڈیالہ جیل سے منتقل کرنے اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قید کے خلاف بھی مؤقف اپنایا گیا۔ اس کے علاوہ، شمع جونیجو کے معاملے پر حکومت سے وضاحت طلب کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ یہ جانچ کی جائے کہ انہیں کن خفیہ دستاویزات تک رسائی حاصل ہوئی۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے زین قریشی کو جاری کردہ شوکاز نوٹس ختم کر دیا ہے، کیونکہ چیئرمین عمران خان نے ان کے جواب کو تسلی بخش قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اپنے مؤقف پر واضح ہے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے