news
کوئٹہ میں خودکش حملہ: 6 افراد جاں بحق، جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ:
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز کے قریب خودکش حملے اور فائرنگ کے واقعے میں 6 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، اور یہ حملہ بھارتی ایجنڈے پر کام کرنے والی تنظیم “پراکسی فتنہ الہندوستان” سے منسوب کیا جا رہا ہے۔
واقعہ ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے فوری بعد شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں، جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور متعدد گاڑیاں متاثر ہوئیں۔
زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ وزیر صحت بخت کاکڑ کے مطابق ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور استعمال شدہ بارودی مواد کا تعین کیا جا سکے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ایف سی کے دو جوان بھی اس حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔ فورسز نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا