news
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شاندار تیزی، انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر
کراچی:
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں آج مسلسل دوسرے روز بھی شاندار تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس نے نئی ریکارڈ سطح کو چھو لیا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مارکیٹ کا آغاز 940 پوائنٹس کے زبردست اضافے سے ہوا، جس سے انڈیکس 164,787 پوائنٹس تک جا پہنچا۔
مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کے باعث تیزی کا رجحان مزید مستحکم ہوا اور انڈیکس میں بتدریج 1296 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں 165,144 پوائنٹس کی تاریخی بلند ترین سطح حاصل کی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان غالب رہا، جس کے باعث انڈیکس نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق ملکی معاشی استحکام، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات نے حصص بازار میں اس مثبت پیش رفت کو ممکن بنایا ہے۔