news
کوئٹہ خودکش دھماکہ: 6 افراد جاں بحق، 10 زخمی
کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں فرنٹیئر کور (ایف سی) ہیڈکوارٹرز کے قریب ایک خودکش دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ دہشتگرد ایف سی کی وردی میں ملبوس تھا، جس نے خود کو دھماکے سے اُڑایا۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی، اطراف کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور فضا میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ دھماکے میں قریبی گاڑیاں، موٹرسائیکل اور رکشہ بھی بری طرح متاثر ہوئے۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ کے مطابق سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔