news
وزیراعظم شہباز شریف کی صدر ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ جنگ بندی پلان کی حمایت
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ میں جنگ بندی کے لیے پیش کیے گئے 20 نکاتی منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ منصوبہ غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان مستقل امن، مشرق وسطیٰ کے سیاسی استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی قیادت اور ان کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس جنگ کے خاتمے کے لیے مخلص اور متحرک نظر آتے ہیں۔ شہباز شریف نے دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ حل خطے میں دیرپا امن کی ضمانت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی امریکی صدر سے حالیہ ملاقات کو بھی حوصلہ افزا قرار دیا اور بتایا کہ معیشت، ٹیکنالوجی، انسداد دہشت گردی اور سرمایہ کاری سے متعلق مختلف امور پر بات چیت ہوئی، جس میں امریکہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی بہتری، حالیہ جنگی حالات اور اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک اب معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے اور مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ تک پہنچ چکی ہے۔