news

علی امین گنڈاپور کی عمران خان سے اہم ملاقات

Published

on

راولپنڈی:
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے دو گھنٹے سے زائد طویل اور اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کے امن و امان، سیکیورٹی، معاشی صورت حال اور پارٹی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ڈاکٹر سیف کے مطابق عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صوبے میں امن، معاشی استحکام اور حکومتی کارکردگی سے متعلق ضروری اقدامات کی مکمل اجازت دی۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ نے عمران خان کو خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام، قبائلی عمائدین کے ساتھ جرگوں کے انعقاد، اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بھی اہم تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ کو افغان حکام سے مؤثر رابطہ کاری اور مذاکرات یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔

ملاقات میں خیبرپختونخوا کی معاشی صورتحال اور بجٹ پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جس پر عمران خان نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس سلسلے میں عمران خان نے مشیر خزانہ مزمل اسلم کو آئندہ ملاقات میں بریفنگ کے لیے طلب کر لیا، اور مسلسل ملاقات نہ کروائے جانے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی بھی ہدایت دی۔

مزید برآں، ملاقات میں صوبائی وزراء اور مختلف محکموں کی کارکردگی پر بھی گفتگو کی گئی۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ کو مکمل اختیارات دیتے ہوئے عوامی مفاد میں فیصلے لینے کی ہدایت کی۔

عمران خان نے اس موقع پر “قانون کی بالادستی” اور “حقیقی آزادی” کی تحریک کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور وزیراعلیٰ کو تحریک کے اگلے مرحلے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version