news

پیپلز پارٹی کا مریم نواز پر تنقید: لیڈر دھمکیاں نہیں، کارکردگی دکھاتے ہیں

Published

on

اسلام آباد:
پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماؤں شازیہ مری اور بیرسٹر عامر حسن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ “لیڈر دھمکیاں نہیں دیتے، بلکہ کارکردگی سے قیادت ثابت کرتے ہیں۔”

پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا کہ مریم نواز کو یاد رکھنا چاہیے کہ قدرتی آفات کے وقت انا اور غرور نہیں، عوام کی خدمت اہم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ عوامی ریلیف کو ترجیح دی اور ہر موقع پر عملی اقدامات کیے۔

شازیہ مری نے مزید کہا کہ 2022 کے سیلاب متاثرین کو بی آئی ایس پی کے تحت 25 ہزار روپے فی خاندان دیے گئے تھے، اور رمضان پیکیج میں بھی اسی ڈیٹا کو استعمال کیا گیا۔ ہم آج بھی سیلاب متاثرہ افراد اور کسانوں کی مدد پر کام کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر عامر حسن نے مریم نواز کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “وزیراعلیٰ کی تقریر سن کر ایسا لگا جیسے کوئی خدا کے لہجے میں بول رہا ہو۔” انہوں نے کہا کہ ماضی میں جنہیں “نازی راج” میں سانپ سونگھ گیا تھا، آج وہ رعونت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

عامر حسن نے کہا کہ “فیض حمید کے دور میں خاموش سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور گنگ زبانیں اُن کی دلیری کا ثبوت ہیں۔” انہوں نے دعویٰ کیا کہ حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ بنانے کا دکھ آج بھی مریم نواز کے بیانیے میں چھلکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ “پنجاب کسی کے باپ کی جاگیر نہیں” اور “جاگ پنجابی جاگ” جیسے نعروں کو دوبارہ نہ چھیڑا جائے۔

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو چاہئے کہ وہ ایسی “فسادی زبانوں” کو لگام دیں اور سیاست میں تحمل و خدمت کا کلچر پروان چڑھائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version