news
علیزے شاہ کا پلاسٹک سرجری الزامات پر ردعمل: میں قدرتی خوبصورت ہوں
کراچی — پاکستان کی معروف اداکارہ و ماڈل علیزے شاہ نے سوشل میڈیا پر خود پر لگنے والے پلاسٹک یا کاسمیٹک سرجری کے الزامات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے ان الزامات کو “مضحکہ خیز” قرار دیا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ قدرتی خوبصورتی کی مالک ہیں اور کسی قسم کی سرجری نہیں کروائی۔
علیزے شاہ نے انسٹاگرام پر ایک واضح پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں بار بار سرجری سے متعلق طعنے دینا انتہائی افسوسناک ہے، خاص طور پر اُن لوگوں کی جانب سے جو ایک طرف تنقید کرتے ہیں اور دوسری طرف اُن سے وزن کم کرنے اور چہرے کو سلم دکھانے کے طریقے پوچھتے ہیں۔ انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “اگر کوئی میری طرح نظر نہیں آ سکتا یا اس قابل نہیں کہ یہ سب حاصل کرے تو یہ اُس کی کمی ہے، میرا نہیں۔”
اداکارہ نے مزید کہا کہ خواتین کو سرجری کے طعنے دینا ہمارے معاشرے کی منفی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ عام طور پر وہی لوگ دوسروں پر تنقید کرتے ہیں جو اپنی ذات سے غیر مطمئن ہوتے ہیں۔
یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب علیزے شاہ نے چند روز قبل انسٹاگرام پر “Get Ready With Me” ویڈیو پوسٹ کی، جس میں ان کا نیا لک دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید اور طنز دیکھنے میں آیا۔ کچھ نے اُنہیں کورین جیسا دکھنے پر نشانہ بنایا، جبکہ دیگر مداحوں نے ان کے لک اور اسٹائل کی تعریف بھی کی۔
علیزے شاہ کا مؤقف ہے کہ ہر فرد کو اپنی ظاہری شخصیت کے بارے میں خود مختار ہونا چاہیے اور بغیر ثبوت کے الزامات لگانے کا رجحان بند ہونا چاہیے۔