news

اسحاق ڈار: پاکستان دفاعی طاقت سے معاشی طاقت بننے کے سفر پر گامزن

Published

on

وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اب دفاعی طاقت سے معاشی طاقت بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے “معرکۂ حق” میں اپنی دفاعی صلاحیت کو بھرپور انداز میں منوایا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ملک معاشی میدان میں بھی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہ نہ صرف اپنی سرحدوں کا مؤثر دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ علاقائی امن کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے حالیہ معاہدے سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا، اور کسی ملک نے اس پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا۔ بلکہ کئی دیگر ممالک بھی پاکستان کے ساتھ اسی نوعیت کے دفاعی معاہدے کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے سابق وزیراعظم عمران خان کے مقدمات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کیسز سے حکومت یا وزارت خارجہ کا کوئی تعلق نہیں، یہ قانونی اور عدالتی معاملات ہیں جو اپنے دائرے میں چل رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کو اب معاشی استحکام، بین الاقوامی سرمایہ کاری، اور برآمدات میں اضافے پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی تاکہ وہ دنیا میں ایک مضبوط اقتصادی قوت کے طور پر ابھر سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version