news

آصف علی زرداری: پاکستان جدید اور پائیدار بحری قوم بننے کی راہ پر گامزن

Published

on

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی بحری برادری میں ایک ذمہ دار اور پائیدار رکن کے طور پر ابھر رہا ہے، اور بحری شعبہ ملکی معیشت و تجارت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ عالمی یومِ بحری تجارت 2025 کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کا بحری مستقبل روشن ہے اور حکومت بندرگاہوں کی ترقی، ڈیجیٹائزیشن اور جدید کاری کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ کراچی اور پورٹ قاسم کی اپ گریڈیشن جاری ہے اور انہیں جدید علاقائی تجارتی مراکز میں تبدیل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بحری پالیسیوں میں اصلاحات کے تحت قومی شپنگ انڈسٹری کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پاکستانی شپنگ کمپنیوں کو دی جانے والی مراعات سے نہ صرف غیر ملکی انحصار میں کمی آئے گی بلکہ فریٹ سیکیورٹی میں بہتری اور قیمتی زرِ مبادلہ کی بچت بھی ممکن ہو گی۔

صدر مملکت نے بتایا کہ پاکستان سنگل ونڈو کے تحت پورٹ کمیونٹی سسٹم کا نفاذ مرحلہ وار کیا جا رہا ہے، جس سے بندرگاہی آپریشنز کی ڈیجیٹائزیشن ممکن بنائی جا رہی ہے اور پورا سپلائی چین مزید مربوط ہو گا۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی معیار کی اصلاحات قومی مفادات اور علاقائی انضمام کیلئے ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک باوقار، جدید اور پائیدار بحری قوم میں تبدیل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ بحری شعبے میں سرمایہ کاری سے تجارتی حجم بڑھے گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، اور بندرگاہوں کی جدت کاری سے پاکستان ایک علاقائی تجارتی گیٹ وے میں تبدیل ہو جائے گا۔

صدر زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان عالمی تجارتی سپلائی چین کا کلیدی حصہ بننے کیلئے تیار ہے، اور بحری ترقی کو قومی ترقی سے جوڑنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version