news

وزیراعظم شہباز شریف: پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر

Published

on

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت تمام قومی و بین الاقوامی معاملات پر مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ “میں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہر معاملے پر مشاورت کرتے ہیں، الحمدُللہ ہم ایک پیج پر ہیں۔ پاکستان اس وقت خارجہ، عسکری اور معاشی میدان میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں حق و باطل کے معرکے میں بھارت کو شکست فاش دی گئی۔ “پاک افواج نے دشمن کو جو سبق سکھایا، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پوری قوم جنگ کے دوران اپنی مسلح افواج کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی رہی۔” وزیراعظم نے خبردار کیا کہ پاکستان کو غیر ملکی سازشوں کا سامنا ہے، جو اسے ترقی کرتے نہیں دیکھنا چاہتے، جبکہ دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے، جس کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائے گا۔

سیاسی و عسکری قیادت کی ہم آہنگی پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تمام قومی امور، بالخصوص خارجہ پالیسی اور اقتصادی معاملات، باہمی مشاورت سے حل کیے جا رہے ہیں۔ “ہماری دعا ہے کہ یہ یکجہتی جاری رہے تاکہ ماضی کی کوتاہیوں کا ازالہ کیا جا سکے۔”

امریکہ سے تعلقات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ ان کا نیویارک اور واشنگٹن کا حالیہ دورہ کامیاب رہا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات انتہائی مفید رہی، اور اس ملاقات کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے غزہ پر ہونے والے اقوام متحدہ کے اجلاس کا بھی ذکر کیا، جسے انہوں نے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ “قطر، سعودی عرب، یو اے ای، اردن، اور مصر سمیت کئی اہم ممالک نے اجلاس میں شرکت کی، جبکہ پاکستان کو اس اجلاس میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ صدر ٹرمپ نے اجلاس کی صدارت کی۔” انہوں نے امید ظاہر کی کہ غزہ کے حوالے سے ہونے والی گفتگو کا جلد مثبت نتیجہ سامنے آئے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version