news
کرک میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 17 خوارج ہلاک، 10 زخمی
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے خفیہ اطلاعات پر درشہ خیل کے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ 10 خوارج شدید زخمی ہوئے۔ کارروائی تھانہ شاہ سلیم کی حدود میں ملا نذیر گروپ کی اطلاع پر کی گئی، جہاں دہشت گردوں کے ایک 22 رکنی گروہ کو حکمت عملی کے تحت گھیر کر نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک اور زخمی دہشت گردوں کی شناخت جاری ہے، جبکہ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کرک نے عوامی تحفظ کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے کرفیو کا اعلان کر دیا ہے تاکہ شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آپریشن میں کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت ایکشن سے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے۔ وزیراعظم نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی اور کہا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔