news
ڈی جی آئی ایس پی آر کا نوجوانوں سے خطاب
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور میں علماء و طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جہاں انہوں نے نوجوانوں کی تعلیم، قومی شعور اور پاک فوج کی خدمات کے حوالے سے مفصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، اور ان کا فرض ہے کہ وہ محنت، حوصلے اور عزم کے ساتھ ملک کے دفاع اور ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ پاک فوج نہ صرف اندرونی امن و امان پر نظر رکھے ہوئے ہے بلکہ عالم اسلام کو درپیش چیلنجز پر بھی گہری نگاہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قومی اتحاد اور امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے آپریشن “بنیان مرصوص” کی کامیابی کو پاکستان کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ اس آپریشن نے پاکستان کی عالمی ساکھ کو بحال کیا ہے، آج دنیا بھارت کے بجائے پاکستان کی طرف عزت و وقار کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔
نشست میں شریک طلباء نے پارا چنار، غزہ اور مسلم دنیا کے مسائل پر سوالات اٹھائے جن کا ڈی جی آئی ایس پی آر نے کھلے دل اور تفصیل سے جواب دیا۔ اس موقع پر علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ نوجوانوں میں قومی شعور کی بیداری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ طلباء نے فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ منفی سوشل میڈیا پراپیگنڈے کے بارے میں ان کے تمام شکوک دور ہو گئے ہیں اور وہ اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
یہ نشست نہ صرف افواجِ پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنی بلکہ نوجوان نسل میں قومی شعور کے فروغ کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔