news
دلجیت دوسانجھ کی ’سردار جی 3‘ پر پابندی پر بھارتی حکومت اور میڈیا پر کڑی تنقید
مشہور پنجابی اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ نے ملائیشیا میں ایک کنسرٹ کے دوران اپنی فلم ’سردار جی 3‘ پر بھارت میں عائد پابندی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پابندی نہ صرف غیرمنطقی ہے بلکہ دوہرے معیار کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ دلجیت نے وضاحت کی کہ ان کی فلم فروری میں مکمل ہوئی تھی جبکہ پہلگام واقعہ اپریل میں پیش آیا، پھر بھی فلم پر پابندی لگا دی گئی جبکہ اسی دوران بھارت میں ایشیا کپ 2025 جیسے ایونٹس جاری ہیں۔
دلجیت دوسانجھ نے بھارتی میڈیا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے غدار وطن قرار دینے کی کوشش کی گئی، حالانکہ وہ ہمیشہ اپنے ملک سے وفادار رہے ہیں اور پنجابی و سکھ کبھی اپنے وطن کے خلاف نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے ایک مداح کے ہاتھ میں لہرائے گئے بھارتی پرچم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک کے پرچم کو ہمیشہ عزت دیں گے۔
یاد رہے کہ فلم فیڈریشن آف انڈیا نے پہلگام واقعے کے بعد نہ صرف ’سردار جی 3‘ پر پابندی کا مطالبہ کیا، بلکہ دلجیت کے بائیکاٹ کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ اگرچہ فلم بھارت میں ریلیز نہ ہو سکی، لیکن اس نے عالمی سطح پر شاندار کامیابی حاصل کی۔ دلجیت کے اس بیان سے بھارتی میڈیا اور سرکاری پالیسیوں پر کئی سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، جن میں انصاف، آزادی اظہار اور قومی وفاداری کے تصورات شامل ہیں۔